۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں روز عرفہ کی مناسبت سے روح پرور اجتماع

حوزہ/ حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں حسب سابق امسال بھی بھرپور انداز سے اجتماعی دعائے عرفہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس روح پرور دعائیہ پروگرام میں دانشوروں، طلبہ اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالی جتنا عرفہ کے دن اپنے بندوں کو جہنم کی آگ سے نجات دیتا ہے اتنا کسی بھی دن میں نہیں دیتا۔

اس بافضیلت دن کی مناسب سے حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں حسب سابق امسال بھی بھرپور انداز سے اجتماعی دعائے عرفہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس روح پرور دعائیہ پروگرام میں دانشوروں، طلبہ اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس بابرکت پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ جس کا شرف مشہور قاری سید محمد رضا الحسینی نے حاصل کیا۔ بعد ازاں مدرسہ ہذا کے استاد اور مسئول تربیت سید محمد علی شاہ الحسینی نے حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے ان کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی اور سفیر امام حسین علیہ السلام کے مصائب پڑھے۔

معروف عالم دین حجة الاسلام شیخ اکبر مخلصی نے پرخلوص انداز میں خوبصورت صوت و لحن کے ساتھ دعائے عرفہ پڑھی اور عالم اسلام کی سربلندی، مملکت خداداد پاکستان کی موجودہ بحران سے نجات، مراجع عظام بالخصوص رہبر معظم آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی سلامتی اور طول عمر، شہدائے ملت بالخصوص شہید علامہ عارف حسین الحسینی، شہید آغا سید ضیاء الدین رضوی اور شہید منی ڈاکٹر غلام محمد فخرالدین کی بلندی درجات، خدمت گزاران مکتب اہل بیت و مراکز دینی کی سربلندی، اس پروگرام کے انعقاد کے سلسلے میں تعاون کرنے والوں کی توفیقات خیر میں اضافے اور تمام شرکائے محفل کی حاجت روائی نیز شرکائے محفل کے مرحومین کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔آخر میں زیارت امام حسین علیہ السلام کے ساتھ یہ روح پرور دعائیہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .